ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے حل طلب مسائل کے حل کیلئے حقیقی جدوجہد کرنا ہے اشرف ساگر بلوچ
*پنجگور/پاکستان مسلم لیگ (ن) مکران ڈویژن کے صدر و آل پارٹیز کے وائس چیئرمین اشرف ساگر بلوچ نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے حل طلب مسائل کے حل کیلئے حقیقی جدوجہد کرنا ہے ضلع پنجگور کو اس وقت مختلف مسائل کا سامنا ہے خاصکر بارڈر بندش کی وجہ سے پنجگور کے عوام سخت مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ پنجگور میں گزشتہ دو ہفتوں سے بارڈر کو بلا وجہ بند کردیا گیا ہے اور تاحال بارڈر بند ہے جس سے پنجگور کے تمام کاروباری حضرات تاجر برادری دیہاڑی پر مزدوری کرنے والے اور ڈرائیور و کلینر سمیت ہر طبقے کے لوگ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجگور کی زیادہ تر آبادی کا دار و مدار بارڈر سے وابسطہ ہے اور کوئی روزگار کے ذرائع موجود نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بیروزگاری کی سرخ لکیر تک پہنچ گئے ہیں کیونکہ ایک تو مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور بقایا کسر بارڈر بندش نے پوری کردی ہے اشرف ساگر نے کمشنر مکران ، ڈپٹی کمشنر پنجگور سے پرزور مطالبہ کیا کہ پنجگور بارڈر کو فوری کھولنے کا اعلان کریں بصورت دیگر عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔*