محکمہ تعلیم کی خالی اسامیوں کو PSCکے ذریعے پر کیا جا
ئے، پروفیشنل ڈگری ہولڈرز
*کوئٹہ(bnc.pk)آل بلوچستان پروفیشنل ڈگری ہولڈرز کے رہنمائوں خیر محمد مری ، جاوید بگٹی اور دیگر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم بلوچستان میں 9 ہزار اسامیوں پر نوجوانوں کو بھرتی کرنے کا جو طریقہ کار اپنایا گیا ہے اس کو مسترد کرتے ہیں ، محکم تعلیم میں خالی تمام اسامیوں کیلئے پروفیشنل ڈگری کو لازمی قرار دے کر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کی جائے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت مختلف مسائل سے دوچار ہے خاص طور پر صوبے میں تعلیمی پسماندگی ہے کسی بھی معاشرئے میں تعلیم کے حوالے سے اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے لیکن یہاں صورتحال اس کے برعکس ہے اگر معاشرے میں اساتذہ بھی پروفیشنل نہ ہوں تو وہ قوم کیا ترقی کرے گی ، اس بات کی تصدیق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی کی تھی ، اگر اساتذہ کے پاس پروفیشنل ڈگری ہو تو وہ بچوں کو بھی پرفیشنل طریقے سے پڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی تمام خالی آسامیوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کیا جائے تاکہ سفارش کلچر کا خاتمہ ہو اور ایک روشن مستقبل کیلئے بچوں کو اچھی طریقے سے تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ تمام محکموں میں خالی اسامیوں پر مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے*