*میڈیکل کالجز طلباء کے مسائل اسمبلی فلور پر اٹھائیں گے،نواب اسلم رئیسانی*
*کوئٹہ:چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کسی کومیڈیکل کالجز کے طلباء کی تعلیم میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، طلباء کے مسائل بلوچستان اسمبلی کے فلور پر اٹھائیں گے،یہ بات انہوں نے سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کی قیادت میں گزشتہ روز مکران، جھالاوان اور لورالائی میڈیکل کالجز کے طلباء پر مشتمل میڈیکل الائنس کمیٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ ورکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم رئیسانی نے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے طلباء کی حالت غیر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے مستقبل کو موت کے منہ میں دھکیلنے کی بجائے ان سے بامقصد مذاکرات کا آغاز کرے انہوں نے طلباء کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مسائل کو بلوچستان حکومت، پی ایم سی حکام کے سامنے اٹھائیں گے، مسئلہ حل نہ ہوا تو بلوچستان اسمبلی کے فلور پر بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ قبل ازیں ملاقات میں طلباء رہنما?ں نے پی ایم سی کی جانب سے میڈیکل کالجز کی رجسٹریشن کے لئے طلباء سے دوبارہ ٹیسٹ لینے کے فیصلے سے طلباء میں پائی جانیوالی تشویش اور مطالبات پر عمل درآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی عدم سنجیدگی سے آگاہ کیا وفد نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے گزشتہ 70 روز سے احتجاجی اور تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہونے کے باوجود حکومت کی عدم سنجیدگی اور مذاکرات نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔*