قلات(امجدسلامی )
ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر منگچر ڈاکٹر علی گل عمرانی کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او لیویز تھانہ منگچر رسالدار عبدالخالق محمد حسنی نے دفعہ دار حاجی عبدالستار لہڑی، حوالدار امام بخش لانگو کے ہمراہ لیویز فورس کی ٹیم کے ساتھ منگچر کے جوہان کراس بازار و گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزمان اسرار اللہ ولد بیبرگ قوم جتک سکنہ منگچر، رحیم بخش ولد عبدالعزیز قوم شیخ سکنہ قلات، محمد اعظم ولد عبدالوہاب قوم کلوئی سکنہ کوئٹہ، سکندر ولد ڈاکٹر صالح محمد قوم لانگو سکنہ قلات، فدا حسین ولد محمد امین قوم زہری سکنہ منگچر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے۔
اس موقع پر ایس ایچ او عبدالخالق محمد حسنی نے کہا کہ منشیات جیسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف ڈپٹی کمشنر قلات کے سخت احکامات ہیں، اور اس پر بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر منگچر ڈاکٹر علی گل عمرانی کی مثالی قیادت اور عوامی مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور نگرانی میں منگچر کو منشیات سے پاک کرنے کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر علی گل عمرانی نہ صرف ایک فرض شناس افسر ہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
عوامی حلقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم مہم میں لیویز فورس کا ساتھ دیں تاکہ منشیات کی لعنت کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔