مشرقی بائی پاس اور گردونواح میں ڈیری فارمز پر چھاپے 15 گرانفروش گرفتار
*کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کے عملے نے مشرقی بائی پاس اور گردونواح میں ڈیری فارمز پر چھاپے مار کر15ڈیری فارمرز گرفتار کر کے جیل بھجوا دئیے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگونے بتایا کہ ہمیں شکایت ملی تھی کہ مشرقی بائی پاس اورگردونواح میں واقع ڈیری فارمرز میں مہنگے داموں دودھ فروخت کیا جا رہا ہے جس پرہم نے کارروائی کرتے ہوئے 15ڈیری فارمرز کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو مصنوعی گرانی کی اجازت دے سکتے ہیں نہ ہی کسی ایسوسی ایشن کو خود ساختہ نرخنامہ جاری کرنیکا اختیار حاصل ہے گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں سستا بازاروں کا انعقاد کر کے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائیگی تا کہ عوام کو ریلیف مل سکے۔*