بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے جدید میٹر نصب کئے جائینگے،میر ہاشم نوتیزئی
*کوئٹہ(بی این سی رپورٹر)وفاقی وزیرمملکت برائے توانائی میر حاجی محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے متبادل کے طور پر سولر اور ونڈ انرجی کی طرف جانا ناگزیر ہے ،بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے مرحلہ وار ڈیجیٹل میٹر نصب کئے جارہے ہیں، بلوچستان میں لوڈشیڈنگ کی کمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،ایران کے ساتھ معاہدےکے تحت مزید 100 میگا واٹ بجلی گوادر پسنی جیوانی اور اورماڑہ کو فراہم کردی گئی ہے ،حکومت ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیرمملکت برائے توانائی نے کہا کہ ہم پر عزم ہیں کہ ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں اور اس ضمن میں اقدامات بھی کئے جارہے ہیں معمولی نوعیت کی وجہ سے بند بجلی گھروں کو مرحلہ وار فعال کرنے کا سلسلہ جاری ہےجبکہ بجلی کی چوری پر قابو پانے کے لئے مرحلہ وار ڈیجیٹل میٹر نصب کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہے کہ بلوچستان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے زمیداروں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اسی سلسلے میں ایران کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے جسکے تحت گوادر پسنی جیوانی اور اورماڑہ کو 100 میگا واٹ مزید بجلی فراہمی شروع کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں توانائی کی پیدواری صلاحیت بڑھانے کے لئے سولر اور ونڈ انرجی سورس کی طرف دیکھنا ہوگا ۔*