جیلیں کم پڑ جائیں گی، گرفتاریاں دینے والے ختم نہیں ہونگے،تحریک انصاف
*کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے صوبائی سینئر نائب صدر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ غلطیوں پر غلطیاں کرنے والے قوم کے مجرم ہیں ،رجیم چینج آپریشن کی غلطی کرنے والوں نے نہ سدھرنے کی قسم کھالی ہے، ملک تباہ ہو جائے عوام برباد ہوجائیں مگر انہیں اسکی کوئی پرواہ نہیں، ملک ڈیفالٹ ہورہا ہے مگر وہ انا کے خول سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ، پوری قوم کی امیدیں عدلیہ سے وابستہ ہیں، عدلیہ ہی ملک و قوم کو اس بحران سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نا اہل حکومت نے بالآخر ملک کو ڈیفالٹ کرادیا دنیا میں سب سے بڑی کابینہ اس وقت نا اہل و نا لائق حکومت کی ہے، انتخابات سے انکار کرکے کھلم کھلا آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، اب یہ معزز عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل کرائے اور کے پی کے اور پنجاب سمیت پورے ملک میں انتخابات کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہاکہ نالائقوں کے ٹولے نے پوری دنیا میں ملک کا مذاق بنادیا ہے دنیا ہم پر ہنس رہی ہے مگر امپورٹڈ اور چوروں کی سرکار کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی یہ جنگ آخری فتح تک جاری رہے گی، بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع ہورہی ہے جیلیں کم پڑ جائیں گی مگر گرفتاریاں دینے والے ختم نہیں ہونگے ۔*