آصف زردار ی کے خلاف عمران نیازی کا بیان انتہائی گھناؤنا ہے، پیپلز پارٹی
*کوئٹہ(بی این سی نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر چنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ عمران نیازی اقتدار چلے جانے کے بعداپنے ہوس و حواس کھو بیٹھے ہیں سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران نیازی کے بے ہودہ الزامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پی ٹی آئی اپنی زبان کو لگام دے بصورت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے انہیں انکی زبان میں جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں ۔یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی کی سیاست الزام تراشی کے گرد گھومتی ہے کہ عمران نیازی پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے بارے میں حالیہ الزام انتہائی گھناوٴنا ہے پیپلزپارٹی ان الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اگر عمران نیازی کے پا س اسکے ثبوت ہیں تو وہ عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کریں اگر عمران خان ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے جھوٹے اور من گھڑت الزامات سے پیپلز پارٹی کے قائدین کی جانوں کو لاحق خطرات میں مزیداضافہ ہوگیا ہے اگر پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کو کچھ ہوا تواسکی براہ راست ذمہ داری عمران نیازی اور پی ٹی آئی پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنے سیاسی فائدے کیلئے ہمیشہ الزامات اور جھوٹ کا سہارا لے کر سیاست کرتے چلے آرہے ہیں لیکن اس طرح کا خطرناک الزام پہلی دفعہ لگا رہے ہیں اس طرح کے الزامات کا مقصد ملک میں خانہ جنگی شروع کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے سوا کچھ نہیں پاکستان پیپلز پارٹی تشدد اور مذہبی جنونیت کی سخت ترین مخالف پارٹی کی پہچان رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، قائد جمہوریت شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت ہزاروں قائدین اور کارکنوں کی شہادتیں دے کر بھی تشدد کا راستہ نہیں اپنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت صدر آصف علی زرداری نے ساڑھے گیارہ سال قیدوبند اور ہر قسم کی ٹارچر جرت کے ساتھ برداشت کرکے نہ جھکے نہ ڈرے اور پرامن جدوجہد کے ذریعے جمہوریت اور سیاست کو زندہ رکھا محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے دوران ان کے ایک اشارے پر ملک اگ اور خون کا میدان بن سکتا تھا لیکن انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک دشمن قوتوں کے خواب کو ناکام بنایاصدر آصف زرداری جیسے جمہوریت پسند سیاستدان پر کسی دہشت گرد تنظیم کے ذریعے کسی کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگانا لغو اور پاگل پن کے سوا کچھ نہیں
۔*