تعلیم انسانی ترقی کا اہم عنصر اور ہر شہری کا بنیادی حق ہے،نصیب اللہ مری
*کوہلو ( (بی این سی نیوز)) صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ تعلیم افراد کے لئے روزگار ، صحت میں بہتری اور غربت میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ تعلیم انسانی ترقی کا ایک اہم عنصر اور پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تعلیم کا ملک کی معاشی اور سماجی ترقی سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا، تعلیم غربت کم کرنے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسکول سے باہر بچوں کے داخلوں میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی، ہم عہد کرتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے قابل بنائیں گے۔ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں جدید تعلیم کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں یونیورسٹی کے سب کیمپس، ٹیکنیکل تعلیمی اداروں ، کیڈٹ و ریزیڈنشل کالجز کے قیام سمیت خواتین کی تعلیم کے لئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تدریسی عملہ کی تعیناتی سمیت تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور جدید و ٹیکنیکل تعلیم کی فراہمی کے لئے محکمہ تعلیم کی جانب سے اقدامات جاری ہیں جس کے موثر نتائج برآمد ہونگے ۔*