*پی ڈی ایم بلوچستان کا اجلاس ملک نصیر شاہوانی کی زیر صدارت
منعقد*
*کوئٹہ : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بلوچستان کا اجلاس صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے نائب صدور عبدالقہار خان ودان،جمال شاہ کاکڑ،مولوی محمد سرور موسیٰ خیل، رحمت صالح بلوچ، موسیٰ بلوچ، مولانا عصمت اللہ سالم، جلیل خان بازئی، سیکرٹری اطلاعات ایم پی اے نصراللہ خان زیرے، سیکرٹری فنانس مولوی خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹریز نسیم اللہ اچکزئی، علی احمد لانگو نے شرکت کیں۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے ہوشر با مہنگائی کیخلاف جاری احتجاجی تحریک اور کوئٹہ کے 17نومبر کے عظیم الشان احتجاجی مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ 17نومبر کو کوئٹہ میں مہنگائی مارچ ریلی کی قیادت پی ڈی ایم کے سربراہ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن، پشتونخوامیپ کے چیئرمین پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر محمود خان اچکزئی، مسلم لیگ ن کے صدرقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ پروفیسر سنیٹر ساجد میر، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ اویس احمد نورانی کرینگے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 17نومبر کو دوپہر 12بجے ایوب اسٹیڈیم سے مہنگائی کے خلاف مارچ کا آغاز ہوگا جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے ہاکی چوک پر اختتام پذیر ہوگا اور قائدین مارچ سے خطاب کرینگے۔ اجلاس میں 17نومبر کے مہنگائی کیخلاف عظیم الشان مارچ کی کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں اور اہم چوراہوں باچاخان چوک، کچلاغ اور سریاب میں کیمپ لگائیں جائینگے جس کا افتتاح 14نومبر بوقت 12بجے کچلاغ کیمپ، دوپہر 2بجے باچا خان چوک اور شام 4بجے سریاب کیمپ کا افتتاح پی ڈی ایم کے صوبائی قائدین کرینگے۔اجلاس میں تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 17نومبر کے مہنگائی مارچ میں شرکت کریں اور پی ڈی ایم میں شامل پارٹیوں کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مہنگائی مارچ کی تیاری کیلئے شب وروز محنت کریں۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت اپنے عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کرنے کی بجائے اسے مزید وسعت دے رہی ہیں آئے روز ٹیکسز کے نفاذ، پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی صورتحال نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے لوگ اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ خودکشیاں کررہے ہیں جبکہ سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مسلسل ناکام ہوچکی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ عوام موجودہ سلیکٹڈ حکومت سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے اور اس نجات کی واحد راہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سیاسی جمہوری تحریک ہے کیونکہ پی ڈی ایم ملک میں آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختیاری، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کے قیام، عوام کے وسائل پر ان کی حق ملکیت کو تسلیم کرانے، ملکی اداروں کی آئین کے دائرہ کارمیں رہتے ہوئے اپنے فرائض کو سرانجام دینے، عوام کے ووٹ کی تقدس کی بحالی، عوام کے منتخب پارلیمنٹ سے داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل اورملک کو اپنی تاریخ کے بدترین بحرانوں سے نکالنے کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ہمیں امید ہے کہ عوام آئندہ بھی مزید جوش وجذبے کے ساتھ پی ڈی ایم کی جاری سیاسی جمہوری تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرینگے۔*