آئی ایم ایف کی رقم کا ایک بھی پیسہ بلوچستان پر خرچ نہیں ہوا‘ زیارتوال
*سبی ( بی این سی نیوز بلوچستان) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اپنی شرائط پر ملک کو قرضہ فراہم کرتا ہے ، ہمارے صوبے کے عوام پر اس قرض کی ادائیگی کو مسلط کیا گیا کیونکہ اربوں کی اس خطیر رقم سے ہمارے صوبے میں کوئی بھی عوامی ترقیاتی یا فلاحی کام آج تک نہیں ہوا ،یہاں تک کہ ملک کے تمام شہروں میں سفرموٹرویز کے ذریعے آسان ہوچکا لیکن ہمارے صوبے میں کہیں بھی موٹر وے نہیں اور آج بھی سنگل سڑک پر روز حادثات کی صورت میں انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں ۔انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہونگے دیگر صورتحال میں اس قسم کے قرضوں کی ادائیگیاں ہمارے عوام نہیں کر سکتے۔ سبی پشتونوں کا تاریخی شہر ہے سبی جرگے میں ہمارے مسائل حل ہوا کرتے تھے، آج سبی کے عوام کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ سبی ہرنائی شاہراہ آج بھی تعمیر نہیں ہونے دی جارہی ،نہ ہی سبی ہرنائی ریلوے لائن جس کے فنڈز بھی فراہم ہوچکے ہیں لیکن اس پر ریلوے نظام کی بحالی میں مسلسل رکاوٹیں حائل کی جارہی ہیں۔ سبی کے غیور و باشعور عوام کو اپنے حقوق کیلئے پشتونخوامیپ کا ساتھ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے علاقہ کلی مرغزانی شدن زئی میں علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس سے ملک فقیر محمد مرغزانی ، نور احمد شاہ خجک ، محراب خان خجک اور جلال خان خجک نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر خدا بخش نے اپنے ساتھیوں سمیت پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کانفرنس کے موقع پر الیکشن کمیشن نے نئے ایگزیکٹوز کیلئے ناموں کی تجویز کی جس کی مندوبین نے منظوری دی اور منتخب ایگزیکٹوز سے عبدالرحیم زیارتوال نے حلف لیا۔ علاقائی یونٹ کے سیکرٹری نور الدین ، سینئر معاون سیکرٹری محمدعثمان ، معاونین میں شفیع محمد ، عرفان حسن ، محمد یونس ، غلام سرور ، ممتاز ، عرفان خان، ملک شیر دل ، خادم حسین ، حبیب اللہ ، محمد فاروق اور احمد جان شامل ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں بدترین مہنگائی ، بیروزگاری ، بجلی ، پیٹرولیم منصوعات سمیت ہر شے کی قیمتوں میں اضافے کی صورتحال نے عوام کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کردیا ہے ، عوام کا واحد ذریعہ معاش زراعت اور بارڈر ٹریڈ سے ہے لیکن بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ نے زراعت کو تباہ اور سرحدی تجارتی پوائنٹس کی بندش نے غریب عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے ، قدت کی دی گئی نعمتوں کے مالک ہوتے ہوئے بھی دیار غیر میں مسافرانہ زندگی گزارنے پر ہمارے نوجوان مجبور ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ضلع سبی کے عوام نے ہمیشہ پارٹی کا ساتھ دیا اور پارٹی نے بھی انہیں کبھی مایوس نہیں کیاجب بھی موقع ملا اپنے عوام کی بھرپور خدمت کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے۔*