BNC OFFICAL WEBSITE

 کمشنر مکران کی خصوصی تعاون سے تربت ٹیچنگ ہسپتال کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل، بجلی کے مسئلے کے حل کی بھی یقین دہانی۔


کمشنر مکران کی خصوصی تعاون سے تربت ٹیچنگ ہسپتال کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل، بجلی کے مسئلے کے حل کی بھی یقین دہانی


تربت(بی این سی)تربت ٹیچنگ ہسپتال میں پانی کا دیرینہ مسئلہ بالآخر حل ہوگیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کے خصوصی تعاون سے ہسپتال کے ٹیوب ویل کو شمسی توانائی (سولر سسٹم) سے منسلک کردیا گیا ہے جس کے بعد ہسپتال میں پانی کی فراہمی کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔


میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تربت ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے کمشنر مکران ڈویژن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو کافی عرصے سے پانی کی شدید قلت کا سامنا تھا جس کے باعث مریضوں، ڈاکٹروں اور عملے کو مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر مکران کی خصوصی دلچسپی کے باعث ٹیوب ویل کو سولر سسٹم سے منسلک کیا گیا جس سے پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث ماضی میں پانی کی فراہمی متاثر رہتی تھی تاہم سولر سسٹم کی تنصیب سے اس مسئلے پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔


ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی کے مطابق کمشنر مکران ڈویژن نے تربت ٹیچنگ ہسپتال کے بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ اسپتال میں طبی خدمات کا نظام مزید بہتر بنایا جاسکے۔


اسپتال انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ کمشنر مکران ڈویژن مستقبل میں بھی تربت ٹیچنگ ہسپتال کو درپیش دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post