BNC OFFICAL WEBSITE

 آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں میڈیا کا کردار اہم ہے‘ پشتونخوامیپ



*کوئٹہ ( بی این سی نیوز ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک میں آزاد صحافت کے فروغ ، پشتونوں کے سیاسی معاشی جمہوری ثقافتی حقوق،اقوام پر مشتمل حقیقی وفاقی پارلیمانی فیڈریشن کے قیام ، جمہور کی رائے کے احترام ، جمہوریت کے استحکام ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد میں صحافیوں اور میڈیا کے کردار کی افادیت اور اہمیت کو مسلمہ سمجھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی صدر عبدالقہار ودان ، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان کی قیادت میں نمائندہ وفد نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کلب کے نو منتخب صدر عبدالخالق رند ، جنرل سیکرٹری بنارس خان ودیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پشتونخوامیپ کے آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر اور دیگر عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی معاشی آئینی سماجی اور معاشرتی بحرانوں سے دوچار ہے ، آج بھی ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام سے انکار کیا جارہا ہے اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کو وقعت نہیں دی جارہی ، آج بھی ملک قوموں کی حقیقی پارلیمانی فیڈریشن نہیں ،آئین پر من وعن عملدرآمد سے گریزکیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل حقیقی جمہوری سیاسی قوتوں کو بے دخل کرنے ، پارلیمنٹ میں منصوبہ بندی کے تحت ان کی نمائندگی اور اکثریت کو ختم کرنے ، مقتدر قوتوں کی جانب سے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے نئے نئے تجربات ،مصنوعی سیاسی پارٹیوں کی تشکیل ،آئین سے انکار کی صورتحال نے موجودہ تشویشناک صورتحال کو جنم دیا ہے ،جس کی نشاندہی پشتونخوامیپ کئی دہائیوں سے پارلیمنٹ ، سینٹ ، جلسوں ، مظاہروں ،ٹاک شوز اور دیگر فورمز پر کرتی آئی ہے لیکن پارٹی اور اس کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے صحیح اور بروقت موقف کو سننے ، اس پر عملدرآمد کرنے اور تسلیم کرنے کی بجائے ہمارے خلاف مختلف ادوار میں ریاست کی سرپرستی میں انتقامی کارروائیاں کی گئیں لیکن پارٹی نے ثابت قدمی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موقف پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ملک اور صوبے میں ابتر معاشی صورتحال ، لاپتہ افراد ، لاشیں پھینکنے کے غیر انسانی عمل ، دہشتگردی کے خلاف تسلسل کے ساتھ ہر فورم پر موثر آواز بلند کی اورلوگوں کو لاپتہ کرنے اورقتل کرنے کے عمل کو قومی روایات کے خلا ف سمجھتی ہے ۔ اس موقع پر پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند اور جنرل سیکرٹری بنارس خان نے نمائندہ وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ حقیقی جمہوری صحافت کے فروغ میں کلیدی رول ادا کیا اور جب بھی صحافیوں کو مسائل ومشکلات کا سامنا کرنا پڑا پشتونخوامیپ نے ہمارے شانہ بشانہ جدوجہدمیں حصہ لیا۔*

Post a Comment

Previous Post Next Post