عوام آٹا کیلئے مر رہے ہیں ، حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے ،مولانالونی
*کوئٹہ (بی این سی نیوز ) جمعیت علما اسلام نظریاتی کے مرکزی سینئر نائب امیر مولانا عبدالقادر لونی ، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نجیم خان ایڈووکیٹ ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمودالحسن قاسمی ، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالروف ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی ، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ اور ڈپٹی مالیات مفتی فدا الرحمن ٰنے کہا ہے کہ حکمرانوں کی عیش پرستی سے عوام آٹا کیلئے لائنوں میں مر رہے ہیں اور حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر تماشہ دیکھ رہی ہے، حکمران حضرت عمر ؓکا فلسفہ حکمرانی اور نظام اپناتے تو تو آج عوام کا یہ حال نہ ہوتا۔ غریب عوام سارا دن روزے کی حالت میں قطاروں میں کھڑے ہو کر ایک پارسل سستے آٹے کے حصول کے لیے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام ایک پارسل آٹا کے لیے اپنے جگرگوشوں کو فروخت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں میں کمی نہیں لاتے لیکن عوام پر بوجھ لا د رہے ہیں، مہنگائی سے بدحال عوام کی چیخیں طاقت کے ایوانوں میں سنائی نہیں دیتیں ، پی ڈی ایم حکومت اقتدار کی خرمستیوں میں ڈوب چکی ہے ،پی ڈی ایم نے مہنگائی کارڈ استعمال کرکے اقتدار تک اپنے لاڈلوں کو پہنچایا لیکن اب اقتدار کے مزے لیکر عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھا دیا ہے ، احتجاج اور دھرنوں سے تین سال تک قوم کو ماموں بنایا اور آج پی ڈی ایم کی حکومت کا ایک سال کو سابق حکومت کے چار سال کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 55 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں مصنوعی بحران اور مافیاز کی ہوس کا خمیازہ محنت کش مزدور اور غریب عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔*