BNC OFFICAL WEBSITE

ہماری جدوجہد کسی قوم یاصوبے نہیں استعماری پالیسیوں کیخلاف ہے،خوشحال کاکڑ

 ہماری جدوجہد کسی قوم یاصوبے نہیں استعماری پالیسیوں کیخلاف ہے،خوشحال کاکڑ



*کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماءاور کارکن اپنے اکابرین کے نظریات اور جدوجہد کی پیروی کرتے ہوئے استعماری پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔ پشتونخوا وطن کے سیاسی، جمہوری اور وطن دوست قوتوں کے ساتھ ملکر قومی بیانیے کی تشکیل کیلئے سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے سرہ غڑگئی علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کے علاوہ پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی صدر ایم پی اے نصراللہ خان زیرے، سید اکبر کاکڑ، عید محمد موسیٰ خیل، رحمت صابر نے بھی خطاب کیا اور کانفرنس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسیٰ روشان، صوبائی سیکرٹری خوشحال کاسی اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے انتخابات عمل میں لائے گئے جس کے مطابق محمد خان علاقائی سیکرٹری، ظہور احمد بازئی سینئر معاون سیکریٹری اور 17 رکنی معاون سیکریٹریز منتخب ہوئے جن سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ خان شہید اور دیگر مبارزین سے لیکر ملی شہید عثمان خان کاکڑ تک تمام اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاسی جدوجہد کوفرض سمجھ کر کر رہی ہے۔ یہ سیاست کسی قوم، علاقے یا صوبے کے خلاف نہیں بلکہ یہ سیاسی جدوجہد استعماری پالیسیوں کے خلاف ہے جس کا بنیادی مقصد فرد کا فرد پر، قوم کا کسی قوم پر، صوبے کا کسی صوبے پر اور ملک کا کسی ملک پر بالادستی کا خاتمہ ہے اور ہم پشتونخوا وطن کے عوام کیلئے وہی حقوق چاہتے ہیں جو دوسرے صوبوں اور قوموں کو حاصل ہے۔ اب المیہ یہ ہے کہ پشتونخوا وطن کے عوام روزگار، تعلیم، صحت اور ترقی کی بجائے سرومال کے تحفظ اور امن وامان جیسے بنیادی حق کیلئے مظاہرے اور جلسے کر رہے ہیں جبکہ ریاست اور حکومت عوام کی اس بنیادی حق کو ماننے کیلئے تیار نہیں۔ بلکہ ظلم تو یہ ہے کہ پشتونخوا وطن پر دہشت گردی مسلط کرکے قومی وسائل لوٹے جارہے ہیں اور ان وسائل سے حاصل ہونے والی آمدن کو مختلف طریقوں سے پشتونوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے جو سراسر زیادتی اور ظلم ہے۔ پارٹی عوام کے خلاف اپنے وسائل کے استعمال کے اس حربے کے متعلق اپنے غیور عوام کو آگاہ کریگی اور اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائیگی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریزی استعمار کے خلاف پشتونخوا وطن کے غیور اور بے لوث عوام نے دلیرانہ جدوجہد کی اور یہاں تک کہ کوئٹہ ریزیڈنسی اور میری پورٹ پر حملے جیسے کئی جنگیں لڑی گئیں اور انگریزوں کو جانی نقصان پہنچایا گیاجسکی پاداش میں ان مبارزین کو بےدردی سےشہید کرکے ان کو گمنام جگہوں پر دفنایا جاتا تھا تاکہ عوامی ردعمل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قومی مبارزین کی اس جدوجہد کے باوجود انگریزوں نے جاتے ہوئے اقتدار اپنے کاسہ لیسوں کے حوالے کر دی جنہوں نے انگریزی استعمار کی پالیسیوں کو جاری رکھ کر پشتونخوا وطن کی تقسیم برقرار رکھتے ہوئے پشتون ملت کو قومی طور پر محکوم رکھا گیا ہے اور پشتونخوا وطن کے تمام عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں بنیادی انسانی حقوق تک سے محروم رکھا گیا ہے۔*

Post a Comment

أحدث أقدم