BNC OFFICAL WEBSITE

قیدیوں کے حقوق کا خیال رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے، صوبائی محتسب

 قیدیوں کے حقوق کا خیال رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے، صوبائی محتسب



*کوئٹہ (خ ن) صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ جیلوں میں موجود قیدیوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ سزا یافتہ لوگ معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جو اپنے کسی سنگین جرم کی وجہ سے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں قید کے زمانے میں ان قیدیوں کو بہتر خوراک، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم نہیں ہوئی تو عین ممکن ہے کہ جیل ان قیدیوں کیلئے اصلاح کی بجائے ذہنی اور جسمانی بیماریوں کی وجہ نہ بنے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کے دورے کے موقع پر جیل انتظامیہ و دیگر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ سیکرٹری محتسب محمد ہاشم ندیم، رجسٹرار سید محمد علی، پروٹوکول افسر آفتاب احمد اور غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل لائنز کلب کے نورالامین زہری، بجار مری و دیگر موجود تھے، صوبائی محتسب نے کہا کہ ہمارے یہاں جیلوں میں قیدیوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے لیکن ان تمام باتوں سے قطع نظر پورے صوبے میں کسی بھی ہسپتال میں جیل وارڈ کا نہ ہونا ایک المیہ ہے ، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں وفاقی محتسب کے مرتب کردہ جیل ریفارمز کے حوالے سے انہوں نے جیل وارڈ کے قیام کیلئے بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ میں اراضی کا تعین کیا اور مختلف اوقات میں ہسپتال انتظامیہ سے بات چیت کی اور جلد ہی اس پر کام کا آغاز کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود جیل انتظامیہ قیدیوں کو خوراک و دیگر ضروریات کی فراہمی کیلئے جتنی کوششیں کررہی ہے قابلِ ستائش ہے، اس موقع پر جیل سپرٹینڈنٹ محمد اسحاق زہری نے صوبائی محتسب کو بتایا کہ سنٹرل جیل کوئٹہ 1939 میں تعمیر ہوئی جس میں 472 قیدیوں کی گنجائش موجود ہے لیکن اس وقت جیل میں 955 قیدی سزا کاٹ رہے ہیں جن میں 23 خواتین قیدی بھی شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ جیل کوئٹہ میں باہر ممالک کے قیدیوں میں افغانیوں کے علاؤہ دو نائجیرین اور تین انڈین قیدی بھی موجود ہیں ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جیل میں قیدیوں کو کمپیوٹر و فائن آرٹس کی کلاسوں کے علاؤہ لائبریری میں کتب بینی اور مڈل سے ایم اے تک پرائیویٹ امتحانات میں شامل ہونے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں ، صوبائی محتسب نے جیل کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے بھی ملاقات کی جبکہ صوبائی محتسب اور سیکرٹری محتسب نے شجر کاری مہم کے حوالے سے جیل کے احاطہ میں درخت کا پودا لگایا اور جیل میں موجود چار قیدی جنہوں نے اپنی سزا پوری کردی تھی لیکن جرمانے کی رقم نہ ہونے کی وجہ انہیں رہائی نہیں مل رہی تھی صوبائی محتسب اور انٹرنیشنل لائینز کلب کے نمائندوں نے باہمی تعاون سے جرمانے کی رقم ادا کردی اور چاروں قیدیوں کو رہا کروا دیا ، دریں اثناء انٹرنیشنل لائینز کلب کے نورالامین زہری نے اپنے ادارے کی جانب سے جیل لائبریری کیلئے کتابوں کا تحفہ بھی دیا ۔*

Post a Comment

Previous Post Next Post