کیسکو کو منا فع بخش بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، عبدالکریم جمالی
*کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)چیف ا یگز یکٹو آ فیسر کیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے کہا ہے کہ صارفین کوبجلی کی مسلسل فراہمی اور کمپنی کومنافع بخش ادارہ بنانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں نیز فیلڈآپریشن افسران اور ملازمین بڑھتے ہوئے لائن لاسز کوکنٹرول کرنے اور صارفین سے بجلی بلوں کی وصولی کے لئے سخت محنت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیسکوسبی سرکل کے دورہ کے موقع پر اجلاس کے دوران سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف انجینئر آپریشن سید یوسف شاہ خان، چیف انجینئرسی ایس ڈی محمد ہاشم جوگیزئی، سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سبی سرکل شاہد رئیسانی سمیت دیگربھی شریک تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ جون کے ٹارگٹ اہداف حاصل کرنے کے لیئے ریکوری کو سو فیصد یقینی بنائیں اور غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کر کے لائن لاسسز میں کمی لائیں انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمروں کے جلنے کے روک تھام کے لیئے تمام ڈسٹری بیو شن ٹرانسفارمر ز کے لوڈ کو متوازن کیا جائے اسکے علاوہ ہر صارف کے لوڈ کو بھی ماہانہ بنیادوں پر چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے۔کیسکو چیف نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ تمام افسران و ملازمین سخت محنت کریں تاکہ کمپنی کو خوشحال بنایا جا سکے۔قبل ازیں سپریٹنڈنگ انجینئر (آپریشن سبی سرکل) شاہد رئیسانی نے سرکل کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نادہندگان سے بلوں کی وصولی کو مزید تیز کیا گیا ہے اور غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبی ، ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر متعلقہ علاقوں میں فیڈروں کی کومبنگ بھی جاری ہے جبکہ میٹروں کی بھی کامبنگ کر کے ایک جگہ نصب کرنے کے علاوہ اے ایم آر میٹروں کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔اس موقع پر کیسکو چیف نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگا یا۔*