*پی ٹی آئی ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کی ذمہ دار ہے، زمرک خان*
*کوئٹہ (بی این سی نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ اے این پی نے جمہوریت کی بالادستی اور آئین کی بحالی کے لئے جدوجہد کی ہے اور ہمارے آکابرین جمہوریت کے لیے جو قربانیاں دی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہے عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے، جمہوریت اور پارلیمان کا مذاق اڑانے والا مزید ملک کے نوجوانوں کو ورغلا نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کی ذمہ دار ہے۔ کپتان نے پارلیمان کی بے توقیری اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں میں کوئی کثر نہیں چھوڑی ہے۔ عمران خان کی حکومت نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کی کھل کر مخالفت کی اور اس کی راہ میں رکاوٹ بنے رہے۔ ملک کو مالی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا اور سیاسی مخالفین کو نیب کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ آزادی اظہار رائے پر پابندی عائد کی گئی اور صحافت کا گلہ دبا دیا گیا۔ اقتدار میں آنے کیلئے تمام ناجائز راستے اختیار کرنے والے آج اقتدار بچانے کیلئے قانون شکن بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کے تمام جماعتوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ آئین و پارلیمان کی بالادستی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ جمہوریت اور پارلیمان کا مذاق اڑانے والا مزید ملک کے نوجوانوں کو ورغلا نہیں سکتا۔ چور چور اور بیرونی سازش کے ڈرامے سے کپتان کو کچھ نہیں ملنے والا۔ ملک وقوم کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن نے کل ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کردی ہے۔*