*سلیکٹڈ حکمران پارلیمنٹ اور نظام پر خود کش حملہ کر بیٹھے ہیں ،مولانا واسع*
*کوئٹہ : جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اسپیکر کے ذریعے پارلیمنٹ پر حملہ کرایا گیا، سلیکٹڈ حکمران پارلیمنٹ اور نظام پر خود کش حملہ کر بیٹھے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ہم نے موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لیے آئینی طریقہ اختیار کیا،اگر یہ سازش تھی تو عمران نے خود اس سازش کو کامیاب بنایا،عمران خان کی حکومت کاخاتمہ ٹارگٹ تھامگر ہم آئین کی پامالی پر سراپا احتجاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،ڈپٹی اسپیکر سب آئین شکن اور غدار ہیں ۔ صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عمران خان، صدر، اٹارنی جنرل، فواد چوہدری، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو عبرت کا نشان بنایا جائے، پہلے فوجی آمروں کو عبرت کا نشان نہ بنا کر غلطی کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس نے پھر سب پر ملک دشمنی کے الزامات لگانے شروع کردیے ہیں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کو گزشتہ انتخابات میں 1کروڑ 38لاکھ ووٹ ملے، عمران کا کوئی حق نہیں کہ کسی پر غداری کے الزامات لگائے، یہ مثال بن گئی تو ہم اپنی نسلوں کے لیے کیسا ملک چھوڑ کر جائیں گے، کسی سے ملاقات کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ملک سے غداری ہوگئی ۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے ہ میں پسند ہوں یانا ہوں ماننے پڑتے ہیں ، 1973کے آئین کو پہلی بار سویلین حکومت نے توڑا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت کے لوگ کہتے ہیں اسپیکر کی رولنگ پر عدالت سوال نہیں کرسکتی، امید ہے ججز آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے، عمران کی انا پرستی کے باعث یہ سارا تماشہ ہوا ہے ۔*