*پی ٹی ایم کے کاروان پر حملہ قابل نفرت عمل ہے،حاجی لشکری*
*کوئٹہ : سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پی ٹی ایم کے کارواں پرحملے کو قابل نفرت عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پرامن رہ کر حقوق مانگنے والوں کیخلاف طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے، سیاسی کارکن متحد ہوکر پرامن جدوجہد کے ذریعے حقوق مانگنے والوں پرعرصہ حیات تنگ کرنے والی پالیسی کو شکست دیں۔ یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی۔نوابزادہ لشکری رئیسانی نے پرامن سیاسی کارکنوں پر حملے کیخلاف جمعہ کے روز کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایم کے کارواں پر حملہ قابل نفرت ہے حملے سے واضح ہوتا ہے کہ بلوچستان کو مقتل گاہ بنانے والے پرامن رہ کر حقوق مانگنے والوں کیخلاف ریاستی طاقت کو بروئے کار لاکر خون ریزی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظم پالیسی کے تحت صوبے میں وکلاء، سیاسی کارکنوں، اور فرقہ واریت کے نام پر خون بہانے والے اپنے گناہوں اور غلط کاریوں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حقوق مانگنے والوں پر ریاستی طاقت استعمال کرکے حقوق سے دستبردار ہوکر خاموش رہنے کیلئے مصنوعی اور عارضی امن قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے سیاسی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ تمام سیاسی کارکن اکھٹا ہوکر ریاست کے نوآبادیاتی نظام کی پالیسی کیخلاف آواز بلند کرکے پرامن جدوجہد کے ذریعے اس پالیسی کو شکست دیں جس پالیسی کے تحت حقوق مانگنے والوں پرعرصہ حیات تنگ کیا گیا ہے۔*