BNC OFFICAL WEBSITE

حکومت سازی کیلئے اپوزیشن سے کوئی معا ہدہ نہیں ہوا،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

 حکومت سازی کیلئے اپوزیشن سے کوئی معا ہدہ نہیں ہوا،میر


عبدالقدوس بزنجو

*کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کی حکومت ہے، ہمارا حکومت سازی کے لئے اپوزیشن سے نہ کوئی 24نکاتی معاہدہ ہوا اور نہ ہی کسی اور بات پر اتفاق ہوا، بلوچستان میں ریکوڈک معاہدے کے تحت 7سے8ہزار افراد کو ملازمتیں پیشہ ورانہ تربیت مہیا کی جائیگی سرمایہ کاری اور میگا منصوبوں کا فائدہ عوام کو براہ راست پہنچے گا، صوبے کے عوام آنے والے چند ماہ میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے، بی اے پی کے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں انکے تمام بنیادی مسائل حل کریں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی، صوبائی وزراء حاجی محمد خان لہڑی، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند، بی اے پی کے رہنماء و عہدیدار ملک خدا بخش لانگو، طاہر محمود خان، عبدالرؤف رند، عبدالفتح جمالی، چوہدری شبیر، رحیم آغا، اعجاز سنجرانی، ارباب شائستہ خان، شاہ زمان غلزئی سمیت دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کی حکومت کے خاتمے میں اپوزیشن نے ہمارا ساتھ دیا تھا لیکن میں وزیراعلیٰ اپوزیشن نے نہیں بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کے ووٹوں سے بنا ہوں ہمارا اپوزیشن سے نہ کوئی 24نکاتی معاہدہ ہوا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابات جلد کروائے جائیں گے جسے پارٹی مناسب سمجھے گی اپنا صدر بنا ئے گئی البتہ ایک بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور پارٹی صدر کے عہدے کسی ایک شخص کے پاس نہیں ہونگے اور نہ ہی میں پارٹی صدارت کا امیدوار ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان عوامی پارٹی کو متحدکر کے لوگوں کو آن بورڈ لینا ہے صوبے میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر جاکر پارٹی کارکنوں کے مسائل کو سننا اور انہیں حل کرنا ہے آج ہماری حکومت میں کارکنوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو یہ مسائل کل بھی حل نہیں ہونگے میں صرف تقاریر اور وزیراعلیٰ بننے کے لئے نہیں بلکہ پارٹی کارکنوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے کے لئے پارٹی میں کھڑا ہوا اور حکومت کی تبدیلی میں کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان عوامی پارٹی کو مضبوط کریں گے پارٹی دن بدن بہتر ہوگی ہم نے اپوزیشن کو کوئی وزراتیں یا نوکریاں نہیں دیں پارٹی کو کمزور نہیں کریں گے اور کارکنوں کو ترجیح دیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا جس کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں سی پیک اور ساؤتھ بلوچستان پیکج کا کام تیز کردیاگیا ہے صوبے کے لئے وفاق سے نارتھ پیکج کا بھی وعدہ لیا اور وفاق سے درخواست کی ہے کہ بلوچستان ایک ہے اسے تقسیم نہ کیا جائے کسی بھی علاقے سے تفریق نہیں برتی جائیگی جلد ہی نارتھ بلوچستان پیکج کا اعلان بھی کیا جائیگا،صوبے میں تمام غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کردی گئی ہیں 17سال بعد ریڈ زون کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے اب عوام کے لئے کوئی سڑک بند نہیں ہوگی ماضی میں قوم پرستوں کی حکومت میں روٹ لگا کر سڑکیں بلاک کی جاتی تھیں جن سے عوام کو تکلیف پہنچتی تھی موجودہ حکومت نے روٹ لگا نے کا سلسلہ بند کردیا ہے صوبے کی تمام بارڈر کراسنگ پر سیکورٹی کے نام پر تنگ کرنے، اسٹیکر، کارڈ سسٹم کا نظام ختم کردیا گیا ہے کسی کو بھی سیکورٹی چیک پوسٹ کے نام پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دی جائیگی، صوبے کے مقامی ماہی گیروں کا تحفظ کر نے کے لئے غیر قانونی ٹرالنگ پر کاروائی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ اب عوامی نمائند ے عوام کے درمیان نظر آئیں گے آج تک کسی بھی اہم مسئلے پر اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا موجودہ حکومت نے ریکوڈک کے معاملے پر ایوان کو کمیٹی روم میں تبدیل کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو ریکوڈ ک کے معاملے پر اعتماد میں لیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فوائد براہ راست عوام کو پہنچیں گے جلد ہی تین سے چار ایم او یو پر ستخط کر نے جارہے ہیں جن سے صوبے میں مثبت تبدیلی نظر آئیگی انہوں نے کہا کہ ہمیں وراثت میں دھرنے اور احتجاج ملے جس کے بعد پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے درخواست کی تھی کہ کچھ وقت دیں تاکہ حکومتی معاملات کو درست سمت میں گامز ن کیا جاسکے اب پارٹی کے کارکنوں کو بھر پور توجہ دی جائیگی اور انکے مسائل حل ہونگے جو وزاتیں بلوچستان عوامی پارٹی کے وزراء کے پاس ہیں ان میں کارکنوں کے کام کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم سوئے ہوئے نہیں ہیں اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر صوبے کے عوام کے لئے کا م کر رہے ہیں جلد ہی عوام بلوچستان عوامی پارٹی کو شاباش دیگی جتنا وقت گزر گیا سو گزر گیا باقی وقت میں صوبے کے لئے کام کریں گے*

Post a Comment

Previous Post Next Post