غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں میڈیا انڈسٹری بحران کا شکار ہے،سردار سربلند
جوگیزئی
*کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزادی اظہار اورآزاد پریس کی داعی جماعت ہے سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں اور عدم توجہ کی وجہ سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں میڈیا انڈسٹری بحران کا شکار ہے جسکا سب سے زیادہ نقصان ورکنگ جرنلسٹ کو ہوا ہے، صوبے اور مرکز میں حکومت بنی تو صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب صدر عرفان سعید سمیت کابینہ کے دیگر ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی انہوں نے نو منتخب کابینہ کے اراکین کو ہار پہنائے اور انکا خیر مقد م کیا، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر خالق رند،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی،سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ رومیل خان غلزئی ودیگر بھی موجود تھے، سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند کیا ہے اور صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے بلوچستان کے صحافی انتہائی نا مساعد حالات میں فرائض منصبی ادا کرتے ہیں جسکا پارٹی کو ادراک ہے پیپلز پارٹی بلوچستان کے صحافیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہمیشہ انکے ساتھ کھڑی رہے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف اب عوام بات کر رہے ہیں ہر سروے میں عوام کی بھاری اکثریت حکومت کے خلاف فیصلہ سنا رہے ہیں اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ناپسندیگی کا اظہار کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ عام انتخابات میں وفاق اور بلوچستان میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی اور عوام اور صحافی برداری کے مسائل کو حل کرکے انہیں چین و سکون فراہم کریگی*