*سلیکٹڈ حکومت اس مہنگائی کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، نصراللہ زیرے*
*کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پی ڈی ایم کی جانب سے اعلان کردہ17نومبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی اور 2دسمبر کوخان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقائی یونٹوں کے زیر اہتمام پارٹی کے تنظیمی علاقائی، ابتدائی یونٹوں کے اجلاسوں،کارنر میٹنگز، اولسی جرگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پشتون باغ اول علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام علاقائی کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ، علاقائی سیکرٹری ولی جان اچکزئی، سینئر معاون سیکرٹری ادریس خان اچکزئی، اڈہ پشتون آباد علاقائی کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز عبدالمجید خان اچکزئی، سید شراف آغا، علاقائی سیکرٹری کبیر افغان، شیخان علاقائی یونٹ کے علاقائی کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز عبدالمجید خان اچکزئی، سید شراف آغا، علاقائی سیکرٹری نظام عسکر، سینئر معاون سیکرٹری نیاز بڑیچ نے خطاب کیا۔شار اول علاقائی یونٹ کے اجلا س سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری علاؤالدین کولکوال، ضلعی معاون گل کاکڑ، سینئر معاون سیکرٹری اسلم خلجی نے خطاب کیا۔ پشتونخوامیپ سریاب علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام شہید عثمان لالا ابتدائی یونٹ میں اولسی جرگہ منعقد ہوا۔ جس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی، عبید اللہ توخئی، بخت محمد بڑیچ نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی وبیروزگاری میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے او ر سلیکٹڈ حکومت اس مہنگائی کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے موجودہ مہنگائی وبیروزگاری، روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر میں ریکارڈ اضافہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس، آٹا، چینی ودیگر اشیاء خوردونوش وضروریات کی قیمتوں میں ہر مہینے کی بجائے اب ہر ہفتے اضافہ کرتی چلی جارہی ہے صبح کے وقت نام نہاد ریلیف کی من گھڑت بیانات اخبارات میں شائع کیئے جاتے ہیں اور راتوں پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے ان کی عوام دشمن پالیسیوں اور جھوٹ پر مبنی دروغ گوئی کی سیاست سے ہمارے باشعورعوام اب تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ نااہل ناکام مسلط حکومت اپنی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کی اخلاقی جرات کرکے مستعفی ہوجائیں اور ملک میں از سر نو صاف شفاف غیر جانبدرانہ انتخابات منعقد کیئے جائیں جس کے ذریعے عوام اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں اگر چہ تاریخی کی بدترین دھاندلی نہ کی جاتی اور ان نااہل، نا تجربہ کار ٹولے کو اقتدار دیکر عوام پر مسلط نہ کیا جاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ کیونکہ نااہل مسلط ٹولے نے ملک کو اپنی تاریخ کے بدترین بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، بدترین مہنگائی اور سخت ترین بیروزگاری عوام پر مسلط کرکے عوام پر تجارت وکاروبار کرنے اور دووقت کی حلا ل روٹی کمانے کے تمام تر ذرائع چھین لیئے ہیں اور عوام فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ عوام اپنی صفوں کو مضبوط بناتے ہوئے پی ڈی ایم کابھرپور ساتھ دیتے ہوئے 17نومبر کو کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم سے برآمد ہونیوالی مہنگائی مارچ میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اورمسلط سلیکٹڈ حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے پی ڈی ایم کی جاری سیاسی جمہوری تحریک کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام 2دسمبر 2021کو منعقد ہوگا۔ اس جلسے کی کامیابی کیلئے پارٹی کارکن شب وروز محنت کریں اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 2دسمبر کے جلسے میں شرکت کریں۔*