*الیکشن کمیشن کی بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے6 دسمبر سے حلقہ بندیوں کے آغاز کی ہدایات
جاری*
*اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے6 دسمبر سے حلقہ بندیوں کا آغاز کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت کے موقع پر بلوچستان حکومت کی طرف سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری لوکل کونسل الیکشن کمیشن کے بینچ کے روبرو پیش ہوئے۔اپنے فیصلے میں کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کی شق 140A(1) کے تحت صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقا د الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کی معیاد 27 جنوری 2019 کو ختم ہو چکی ہے اس کے بعد اب تک الیکشن کے انعقاد کو تاخیر کا شکار رکھنا آئین کی شقوں سے روگردانی کے مترادف ہے جبکہ اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان و ہائیکورٹس کے واضح احکامات و فیصلہ جات موجود ہیں۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مروجہ قوانین میں ترامیم، نقشہ جات ودیگر ضروری ڈیٹا 2 ہفتے کے اندر الیکشن کمیشن کو فراہم کریں۔بصورت دیگر کمیشن صوبے میں حلقہ بندی کا کام 6دسمبر 2021 سے شروع کر دے گا اور دفتر کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ حلقہ بندی کا مکمل شیڈول کمیشن کی منظوری کے لئے پیش کرے۔*