دہشت گردی باعث تشویش ، سیاسی حالات غیر یقینی ہیں،مولانا واسع
*کوئٹہ(پ ر)جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے پارلیمانی گروپ و صوبائی مجلس عاملہ کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی صدارت میںہوا۔ اجلاس میں ملک بالخصوص بلوچستان کی صورتحال پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں جبکہ گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کابھی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہونے والے صوبے کے ممتاز سیاسی وقبائلی شخصیات کو جماعت میں فعال اور متحر ک کردار ادا کرنے اور اس سلسلے میں مختلف پہلووں کا جائزہ لیاگیااوراہم فیصلے کیے گئے۔ مولانا عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعتی اغراض و مقاصد کو دیگر معاملات پر اہمیت دینی ہوگی جماعت کے نظریاتی اور فکری مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی مقاصد کو بھی حاصل کرنا ہوگا ملک اور صوبے کے عوام کی خدمت اور بہتری کے لئے اپنے صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا ملک میں سیاسی حالات انتہائی مخدوش اور غیر یقینی ہے لیکن حالات جو بھی ہوں ہم نے جماعت کے ذمہ داروں اداروں اور کارکنوں کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا جو حالات سامنے آتے رہیں گے اس کے مطابق ہم اپنے فیصلے اور منصوبہ بندی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پارلیمانی ارکان پوری محنت اور سوچ سمجھ کے ساتھ اسمبلیوں کے اندر اور باہر جماعتی و سیاسی اغراض و مقاصد کے لئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اضلاع کی جماعتیں فعال اور متحرک ہیں۔ تمام جماعتی فیصلو ں پر عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ صوبے کی طرف سے ہونے والے تمام بڑے جلسوں میں اضلاع کے عوام بھرپور شرکت کرتے ہیں۔اجلاس میں ملک میںبڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیاگیا اور اس حوالے سے پشاور میں ہونے والے حملے کے متعلق مذمتی قرارداد پاس کی گئی قرارداد میں پشاور واقعہ میں شہید ہونے والوں کےلیے دعائے مغفرت اورزخمیوں کے لیے جلدصحت یاب ہونے کی دعا کی گئی اور کوئٹہ کراچی روٹ پر ہونے والے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے گزشتہ روز بس حادثے میں جاں بحق افراد کےلیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔*
