موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں سیلاب آرہے ہیں،سینیٹرعبدالقادر
*اسلام آباد (بی این سی نیوز بلوچستان ) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پیٹرولیم و ریسورسز سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان بھی دیگر ممالک کی طرح واٹر اینڈ سینی ٹیشن پر بھر پور طریقے سے کام کررہاہے کیونکہ صاف پانی ہر انسان کی ضرورت ہے اور یہ ان کا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر محمد عبدالقادر نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز فورم کے سیمینار سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں سیلاب آرہے ہیں اور ان سیلاب کا نقصان اتنا زیادہ ہے کہ ان سیلابوں کا اثر بھی ہمارے ملک پر کئی سال تک آتا رہے گا، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی پر پاکستان کے موقف کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خشک سالی، سیلاب کی صورت میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لئے دس بلین ٹری سونامی پروجیکٹ پر کام جاری ہے، اربن فاریسٹ پروجیکٹ، کلین گرین پاکستان موومنٹ اور نیشنل پارک انیشیٹو جیسے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں،پاکستان انتظامی اور تکنیکی اقدامات پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے،ریگولیٹر فریم ورک، واٹر لائسنسنگ، سلو ایکشن ڈیمز کے ذریعے زیر زمین پانی کی حفاظت اسی کا حصہ ہیں،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے شہریوں کو بھی باشعور بنانا ہو گا۔*