BNC OFFICAL WEBSITE

عدم برداشت ریاست کی ترقی و خوشحالی کیلئے زہرقاتل ہے‘ ملک سکندر

 عدم برداشت ریاست کی ترقی و خوشحالی کیلئے زہرقاتل ہے‘ ملک سکندر



*کوئٹہ(بی این سی نیوز)جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غلط فیصلوں اور غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک سیاسی و معاشی بحرانوں کا شکار ہوا ، سیاسی معاملات میں عدم برداشت ، ضد و عناد ناسور بن چکا ہے جو ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے زہر قاتل ہیں۔ نفرت اور تعصب کی بنیاد پر کسی علاقے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ مخالفین علاقے میں جاری ترقیاتی عمل سے خوفزدہ ہیں ۔ جھوٹ اور منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیکر عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔ نمود و نمائش کے بغیر حلقے کے تمام بنیادی مسائل کے حل کے لئے شب و روز جدوجہد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے شروع میں پی بی 25 کے مختلف علاقوں نواں کلی ، کوتوال ، کلی عمر ، خروٹ آباد ، چشمہ ، شیخ ماندہ سمیت تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے اور ترقیاتی عمل میں کسی علاقے کو پسماندہ نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی منصفانہ تقسیم اولین ترجیح ہے ،نفرت اور تعصب کی بنیاد پر کسی علاقے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔*

Post a Comment

Previous Post Next Post