انتخابات ضرور ہونگے، فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، مولانا عبدالواسع
*کوئٹہ(بی این سی نیوز)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ انتخابات ہوں گے،ضرور ہوں گے لیکن یہ فیصلہ عدالتیں نہیں الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ ہم آج بھی اپیل کرتے ہیں کہ خدارا سیاست سیاستدانوں کو کرنے دیں۔ آپ انصاف فراہم کریں ہم عمران خان کے ساتھ الیکشن کی تاریخ سے متعلق کسی قسم کے مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے، نہ ہی ہم کسی مجرم کے ساتھ مذاکرات کریں گے، جمعیت علماء اسلام آئین و قانون کی حکمرانی چاہتی ہے جب تک پارلیمنٹ کی بالادستی قائم نہیں رہے گی اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو گا ، یہاں بات چیت میں انہوں نے کہا کہ از خود نوٹس کیس چار اور تین سے مسترد ہوچکا ہے لہذا اس پر اب دوبارہ سماعت کی کوئی حیثیت نہیں رہی، ہم اس بینچ پر اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پر عدم اعتماد کرتے ہیں، آج کہا جارہا ہے آئین کا تقاضا ہے کہ نوے دن میں انتخابات کروائے جائیں، یہ آئین کا تقاضا اس وقت کیوں نہیں تھا جب یہ عدالت ایک آمر پرویز مشرف کو تین سال میں الیکشن کروانے کی اجازت دے رہا تھا۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اس وقت ملک میں مردم شماری ہورہی ہے، کچھ ماہ بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی اور پھر نئی ووٹر لسٹ بنے گی، اگر ابھی الیکشن ہوگئے تو نیا بننے والا ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے گا۔ سیاسی لحاظ سے ملک کو ایک رکھنے کیلئے سن سنتالیس سے پاکستان میں الیکشن ایک دن میں ہوتے ہیں، احتیاط سے کام لیا جائے ، فریق بن کر کردار نہ ادا کیا جائے، سپریم کورٹ کو متحد رہنے دیا جائے۔سپریم کورٹ کو غیر جانبدار رہنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے 3رکنی بنچ پر عدم اعتماد خوش آئند ہے۔ دو ججز کی معذرت کے بعد فیصلہ 3-0 سے ہی آنا ہے۔*