BNC OFFICAL WEBSITE

کوئٹہ پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اورمعیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چیف سیکرٹری

 کوئٹہ پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اورمعیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چیف سیکرٹری



*کوئٹہ: صوبائی حکومت لوگوں کی فلاح و بہبود اور کوئٹہ کی خوبصورتی کیلئے کئی ایک ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے جس کے ثمرات عوام تک بہت جلد پہنچیں گے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکج کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایمپلیمینٹیشن عبداللّٰہ خان، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے مزمل حسین ہالیپوٹو، چیف انجینئر ڈاکٹر سجادبلوچ پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ، چیف آف سیکشن نورگل و ودیگر شریک تھے۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو مزکورہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکی روڈ کا 900 میٹر کا حصہ، لنک بادینی روڈ، سریاب روڈ کا ایک حصہ مارچ کے آخر تک مکمل کئے جائیں گے۔ جبکہ سبزل روڈ، انسکمب روڈ اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ بیوٹیفیکیشن کے ہونے والے اقدامات نہ صرف شہر کی خوبصورتی اور رونق میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ان سے شہریوں میں خوشگوار احساس بھی پیدا ہوتا ہے ہمارا مقصد شہریوں کو ہر لحاظ سے سہولیات فراہم کرنا ہے جس کیلئے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئٹہ پیکیج کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی معیار کے مطابق بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔*

Post a Comment

Previous Post Next Post