ملک کے معاملات انتہائی سنگین‘ حکمرانوں کو فکر نہیں‘ سینیٹر عبدالقادر
*اسلام آباد(بی این سی نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی سینیٹر محمد عبدلقادر نے کہا ہے کہ اگر مالی معاملات کو نہ سنبھالا گیا تو آئندہ تین سے چار ہفتے میں ڈیزل و پٹرول کی قلت کا خدشہ ہے جس سے پورا ملک مفلوج ہوجائے گا۔ بجلی بننا بند ہوسکتی ہے اور پاکستان بریک ڈائون ہوجائے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے جس کا حکمرانوں کو اندازہ نہیں۔ وہ صرف اپنی سیاسی لڑائی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی بحران اس وقت ناک اور ہونٹ کے درمیان پہنچ چکا ہے ، اس صورتحال میں تو صرف دعا ہی جاسکتی ہے کہ وہ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے اور انہیں ملک کو اس نازک صورتحال سے نکالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ ملک کے معاشی بحران سے نکالنے کی طرف جارہا ہے اسے ڈیفالٹ ہونے سے بچایا جائے۔ سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد جے آئی ٹی کو بھی تبدیل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو انصاف نہیں ملے گا۔ پاکستان میں جب ایک سابق وزیراعظم کو انصاف نہیں ملے گا تو ایک عام آدمی کو انصاف کیسے مل سکتا ہے۔*