*ریکوڈک منصوبہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گا، وزیر اعظم*
*اسلام آباد ((www.bnc pk))وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک کا نیا معاہدہ ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ میں 10 سال کی قانونی لڑائیوں اور مذاکرات کے بعد ریکوڈک کان کی ترقی کے لیے بیرک گولڈ کے ساتھ کامیاب معاہدے پر بلوچستان کی قوم اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تقریبا 11 ارب ڈالر کا جرمانہ ختم ہوگیا، 10 ارب ڈالر بلوچستان میں لگائے جائیں گے اور 8000 نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا میں سونے اور تانبے کی سب سے بڑی کان ہوگی، یہ منصوبہ ہمیں قرضوں سے آزاد کرے گا اور ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے جس کمپنی کو ٹھیکہ ملا تھا وہ ٹیتھیان کاپر کمپنی ایک آسٹریلین کمپنی ہے، اس کمپنی کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک سے تانبے اور سونے کی کان پر کام کرنے کا ٹھیکہ ملا تھا، تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2013 میں اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے معاہدہ ختم کر دیا تھا۔بعدازاں ٹیتھیان نے معاہدے کی خلاف ورزی پر حکومت پاکستان کے خلاف کامیاب قانونی چارہ جوئی کی تھی، جس کے نتیجے میں جولائی 2019 میں ورلڈ بینک کی ثالثی عدالت نے پاکستان کو کمپنی کو 5.97 ارب ڈالر دینے کا حکم جاری کیا تھا، ٹیتھیان نے پاکستان سے یہ رقم نکلوانے کے لیے ریاست پاکستان کے غیر ملکی اثاثوں کو ریکوری کے ساتھ جوڑنے کا عمل شروع کیا تھا، جس میں نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل اور پیرس میں سکرائب ہوٹل کو کیس کے ساتھ جوڑنے کی درخواست کی گئی تھی جو کہ منظور کر لی گئی تاہم پاکستان نے بھرپور قانونی جنگ لڑ کر برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ میں اپنا مقدمہ جیت لیا۔*