*شہری سہولتوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، قدوس بزنجو*
*کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر کی سربراہی میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نہایت خوش آئند ہے، شہری سہولتوں میں اضافے کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی امور سمیت ترقیاتی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکمے کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ بلدیات کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سینئر صوبائی کی سربراہی میں بلدیاتی اداروں کی کاردگی میں نمایاں بہتری آنا نہایت خوش آئند ہے، امید ہے کہ شہری سہولتوں میں اضافے کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ اور سینئر صوبائی وزیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور بلدیاتی ایکٹ میں مجوزہ ترمیم پر غور و خوض کیا گیا اور دونوں نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے جلد از جلد انعقاد پر اتفاق کیا۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سردار صالح بھوتانی نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔*