تربت۔ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں تھیلسیمیا اسکریننگ ٹیسٹ اور مریضوں کو خون چڑھانے کاآغازکردیاگیا۔
تھیلسیمیا سینٹر گورنمنٹ بلوچستان کی جانب سے تربت میں تھیلسیمیا ٹیسٹ کی سہولت کیلئے 1کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشینوں ودیگر آلات فراہم کردی گئی ہیں۔
ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جمعرات کے روز تھیلسیمیا سینٹر نے باقاعدہ کام کاآغازکردیا۔
اس موقع پر ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایم ایس ڈاکٹرمیر یوسف خان،پیتھالوجسٹ ڈاکٹرپرویز بلوچ اور ٹیکنیکل ٹیم لیڈر عبدالعلیم نے میڈیا نمائندوں اور موجود ڈاکٹرز کو سینٹرسے متعلق بریف کیا۔
اس موقع پر پی ایم اے کیچ کے صدر ڈاکٹرافضل خالق بلوچ، ڈاکٹرظفربلوچ، ڈاکٹرجاویدکریم، ڈاکٹرمصباح منیر، ڈاکٹر ابوبکربلوچ، ای پی آئی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر الطاف یوسف، پی سی آرلیب کے جیہند ابراہیم ودیگرموجودتھے۔
پیتھالوجسٹ ڈاکٹر پرویز بلوچ اور تھیلسیمیا سینٹر کے ٹیکنیکل ٹیم لیڈر عبدالعلیم نے بتایاکہ حکومت بلوچستان کے تھیلسیمیا سینٹر کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں تھیلسیمیا مریضوں کی اسکریننگ اور انہیں خون چڑھانے کیلئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشینری مہیاکی گئی ہے۔
ان مشینری میں 1کیری فیوج مشین، 2بائیومکسر مشین، 1 بلڈریفریجریٹر، 2ڈونر کوچ، 8ٹرانسمیشن کوچ، 2ہزار اسکریننگ کٹس، 2ہزار بلڈ بیگ، ادویات وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ٹیچنگ اسپتال تربت میں تھیلسیمیا سینٹر کے قیام اور مشینری کی فراہمی کے سلسلہ میں تھیلسیمیا پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن پروفیسر محمد حنیف مینگل کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔ ان کی خصوصی توجہ ودلچسپی کی بدولت تھیلسیمیا سینٹر کے ساتھ ساتھ تربت میں ریجنل بلڈ سینٹر (RBC) بھی جلد فعال ہوجائے گا ان کے خصوصی تعاون پر ہم ان کے شکرگزارہیں۔
انہوں نے بتایاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے تربت کے علاوہ خاران، خضدار، سبی، ڈیرہ مرادجمالی، ژوب بھی تھیلسیمیا سینٹر قائم کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ضلع کیچ میں تھیلسیمیا مریضوں کی رجسٹریشن شروع کی جارہی ہے تاہم ایک اندازے کے مطابق اس وقت کیچ میں تھیلسیمیا مریضوں کی تعداد 200سے زائد ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس سینٹر کو کامیاب اندازمیں چلانے کیلئے متعلقہ اسٹاف کوباقاعدہ تربیت کیلئے تھیلسیمیا سینٹر کوئٹہ یا انڈس ہسپتال کراچی بھیجا جائے گا۔
پیتھالوجسٹ ڈاکٹرپرویز بلوچ نے بتایا کہ تھیلسیمیا مشینری سے ہم ڈینگی اور پلیٹ لٹس کی کمی کے شکار مریضوں کیلئے پلیٹ لٹس بھی تیارکئے جاسکیں گے جس سے ڈینگی مریضوں کوفائدہ پہنچے گا۔