BNC OFFICAL WEBSITE

 پشتونخوامیپ کا اجلاس:حلقہ NA265


پر امیدوار کھڑا نہ کرنے پر جمعیت سے اظہار تشکر


*کوئٹہ (bnc.pk) NA-265ضمنی انتخاب کے حوالے سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا کی زیر صدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ایگزیکٹوز،ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹوز ،حلقے سے تعلق رکھنے والے سابقہ کونسلرز نے شرکت کیں۔ اجلاس میںNA-265 پر پارٹی کے نامزد امیدوار پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے حق میں جمعیت علماء اسلام کیجانب سے اپنا امیدوار کھڑا نہ کرنے اور پارٹی امیدوار کی حمایت کرنے پر ان کی قیادت اور جماعت کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس فیصلے کو سراہا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے دروس اور مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے NA-265کے صوبائی حلقوں PB-28,PB-27اور PB-29میں انتخابی مہم چلانے ، عوامی رابطے مہم تیز کرنے ودیگر امور سے متعلق تینوں حلقوں کی آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی جو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دی گئی ذمہ داریوں کو بروقت ادا کریگی ۔ اجلاس سے عبدالرؤف لالا اور عبدالقہار خان ودان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے تمام کارکنوں کی جانب سے جمعیت علماء اسلام کی اکابرین اور جماعت کاخصوصی شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے بروقت اور درست فیصلہ کیا اور ان کا یہ فیصلہ نہ صرف NA-265کے حلقے کے عوام بلکہ تمام صوبے اور ملک کے عوام کیلئے اہم فیصلہ ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ 2018کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے متعلقہ عوام کی حق رائے دہندگی پر ڈاکہ ڈالا گیا اور عوامی نمائندوں کو اسمبلی سے باہر رکھ کر ایسے افراد کا انتخاب کیا گیا جن کے ذریعے غیر آئینی ، غیر قانونی ، غیر جمہوری اقدامات ، پارلیمنٹ کی بے توقیری ، آئین کی پائمالی ، کرپشن وکمیشن کیلئے عوام پر مہنگائی ، بیروزگاری ، نارواٹیکسز مسلط کرنے ،اقوام کو اپنے وسائل سے محروم رکھتے ہوئے ان پر قبضہ کرنے کے ناروا عوام دشمن عزائم کو تکمیل پہنچانا تھا۔ آج ملک کے عوام بالخصوص اس پشتون بلوچ دو قومی صوبے کے عوام جن بدترین اور اذیناک حالات سے دو چار ہیں اس کے ذمہ داری وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی عوام دشمن مقاصد کیلئے ملک کے کروڑوں عوام پر اپنی مرضی کی حکومتیں مسلط کی ۔ جنہوں نے اپنی نااہلی کے باعث ملک کو اپنی تاریخ کے بدترین بحرانوں میں دھکیل کر ملک کو عالمی تنہائی کا شکار بنایا اور ملکی معیشت کو تباہ کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ عوام کے ووٹ کا احترام کیا جائے ، ملک کو بچانے کیلئے ملک کے عوام پر اعتماد کرنا ہوگا ، سیاست میں ملکی اداروں کی مداخلت کاخاتمہ کرنا ہوگا، آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، جمہور کی حکمرانی کو تسلیم کرنا ہوگا، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کا قیام ، قوموں کو اپنے وسائل پر واک واختیار دینا ہوگا، عدلیہ کو آزاد اور میڈیا پر ہر قسم کے سنسر شپ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اتحاد جمہوری بنیادوں پر قائم ہے ، پی ڈی ایم کے 26نکاتی اعلامیہ پر وفاقی حکومت کو عملدرآمد کرنا ہوگاتاکہ ملک کو تاریخ کے بدترین بحرانوں سے نجات دلایا جاسکے اور عوام کی بھرپور حمایت پی ڈی ایم کو حاصل ہو۔ انہوں نے NA-265حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پارٹی امیدوار محترم محمود خان اچکزئی کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کرکے اپنا قومی ، سیاسی ، جمہوری ، وطنی فریضہ پورا کریں ۔*

Post a Comment

أحدث أقدم