پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین ،مزدوروں کو حقوق دئیے ، روزی کاکڑ
*کوئٹہ(بی این سی نیوز )پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑنے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، محنت کشوں، غریبوں اور متوسط طبقے کی نمائندہ اور روایتی پارٹی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین ،مزدوروں کو انکے حقوق دئیے آئندہ انتخابات کے بعد مرکز اور صوبے میں حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کریں گے ۔یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہجہان گجر کی قیادت میں بلوچستان سول سیکریٹریٹ ایسوسی ایشن کے صدر کامریڈ یونس عزیز زہری و دیگر پر مشتمل وفد سےگفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے آفس سیکرٹری اختر بلوچ ، سینئر نائب صدر حاجی عزیز لانگو ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رابطہ سیکرٹری قادر ساسولی اور دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں محنت کشوں، مزدوروں اور ملازمین کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ان تمام مظلوم و محروم طبقات کی ہر فورم پر ترجمان بن کر بات کی ہے اور ہم ان پسے ہوئے طبقات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے وجود کا لازمی حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نےوفدکو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سول سیکریٹریٹ ایسوسی ایشن کے تمام جائز مسائل اور مطالبات کی حمایت کرتی رہے گی
۔*
