نواں کلی:شکستہ حال سڑک، نا قص سیوریج سسٹم، تجاوزات ٹریفک سے متا ثر
*کوئٹہ(بی این سی نیوز) نواں کلی کا مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘پلازوں کی تعمیر سے نکاسی آب کا نظام تباہ اور سڑک پر بڑے بڑےگڑھے پڑ گئےٹریفک اور سیوریج سسٹم درہم برہم ہوگیا، تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےمکینوں کاکہنا ہے کہ نواں کلی کا مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جا بجا گڑھے بن چکے ہیں جس پر ٹریفک رینگ رینگ کر چلتی ہے اور حادثات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ ناقص سیوریج سسٹم کے باعث نالیوں کا گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو رہا ہے سڑک اتنی خستہ حال ہو چکی ہے کہ نہ صرف گاڑیوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ مریضوں معمر افراد اور بچوں کو سفر کرتے ہوئے انتہائی مشکلات در پیش ہیں،دوسری جانب پلازوں کی تعمیر سے مسائل بڑھ گئے ہیں ،تعمیراتی سامان سڑک پر پڑا رہتا ہے، نکاسی کا نظام تباہ ہو چکاہے، سڑک پر بڑے بڑےگڑھے پڑ گئے ہیں ،اہل علاقہ نے بتایا کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے،شہریوں کاکہنا ہے کہ ارد گرد کی گلیوں کی مرمت کی گئی ہے، مین روڈ کو چھوڑ دیاگیاہے، جس کی فوری طور پر مرمت کی جائے ،انھوں نے کہاکہ نواںکلی مین روڈ پر ڈبل پارکنگ سے ٹریفک جام ہوتی ہے اور گھنٹوں ٹریفک رکی رہتی ہے یہ صورتحال اس وقت اور بھی خراب ہو جاتی ہے جب ریڑھی بان بھی اپنی ریڑھیاں سڑک کے بیچوں بیچ کھڑی کردیتے ہیں ، کسی ایمر جنسی کی صورت میں یہاں سے گزرنا ہونا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے،عوامی وسماجی حلقوں نے ٹریفک پولیس کے اعلی حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ وہ اس مسئلے کا تدارک کریں۔*
