45ہزار ایکڑ زمین کی فیکٹری کے نام الاٹمنٹ عوام دشمن اقدام ہے،صالح بھوتانی
*حب(بی این سی نیوز )صوبائی صدر بلوچستان عوامی پارٹی و سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں حب میں ایک سیمنٹ فیکٹری کے نام 45 ہزار ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کو عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقوں کے نمائندہ کو اعتماد میں لئے بغیر خفیہ معاہدہ کے ذریعے اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے غریب عوام کے گھروں اور گاؤں کو اجاڑنا قابل مذمت عمل ہے ۔انہوں نے بلوچستان کے پارلیمانی ممبران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے محض آج انکا حلقہ متاثر نہیں ہوا بلکہ یہ بلوچستان کے تمام حلقوں کی پارلیمانی سیاست پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔ اس لئے تمام ممبران اس ناانصافی پر انکا ساتھ دیں اور اس عوام دشمن اقدام کی بھرپور مخالفت کریں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر زمہ داران و عہدیداران سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ ایسے اقدامات کی مذمت کریں جو کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور کے برعکس و بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے،انہوں نے کہا کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مل کر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائیگا اور اگر اس الاٹمنٹ کو واپس نہ کیا گیا تو اس احتجاج کو پارلیمان، عدلیہ اور عوام کی عدالت میں بھی لے جایا جائے گا ۔*
.jpg)