کوئٹہ، ناغے کیخلاف ورزی اور گرانفروشی پر 11 قصاب اور 3 ڈیری فارم مالکان گرفتار
*کوئٹہ(بی این سی نیوز بلوچستان)اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم نے ناغہ کے روز گوشت فروخت کرنے پر11قصاب ‘3ڈیری فارم مالکان گرفتار کر کے جیل بھجوا دئیے جبکہ تجاوزات پر4دکانداروں اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ قائم کرنے والے دو افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ۔ اے سی سٹی کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کے عملے نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اس موقع پرعطا المنعم کا کہنا تھا کہ ناغہ کے روز گوشت کی فروخت غیر قانونی ہے ‘خلاف ورزی کرنیوالے دکانداروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مہنگا دودھ فروخت کرنے پرسبزل روڈسے3 ڈیری فارم مالکان گرفتار کئے اور انہیں دس دن کیلئے جیل بھجوا دیا گیا اے سی نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ گرانفروشی کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گرانفروشوں سے مزید سختی سے نمٹیں گے انہیں بھاری جرمانوں کے ساتھ چار دن کی بجائے دس دن جیل بھجوایا جائیگا انہوں نے دکانداروں کو تاکید کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں کیونکہ اس سے نہ صرف ٹریفک روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہر کا حلیہ بھی بگڑ گیا ہے۔*