BNC OFFICAL WEBSITE

نواب زہری اور جام کمال کومیں نے نہیں اللہ نے حکومت سے نکالا،ہمارے فیصلوں پر اسٹے ہوا تو خود عدالت جائونگا،وزیر اعلیٰ بزنجو

 نواب زہری اور جام کمال کومیں نے نہیں اللہ نے حکومت سے نکالا،ہمارے فیصلوں پر اسٹے ہوا تو خود عدالت جائونگا،وزیر اعلیٰ بزنجو



*کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تمام فیصلے ایوان ، ارکان اسمبلی اور قائدین کی مشاورت سے کرتے ہیں ہماری حکومت نے وہ اقدامات اٹھائے جن سے جمہوریت کو تقویت ملی ہے ،ای ٹینڈرنگ اور میرٹ پر نوکریاں اس لئے دے رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے ، ملک کی مشکلات سمجھنے کی ضرورت ہے ہر ایک اپنا کام کرے تو بہتر ہے ، اللہ کا نظام ہے جو لوگ کل سڑکوں پر تھے وہ آج ایوان میں اور جو ایوان میں تھے وہ آج سڑکوں پر ہیں ، عوام اپنے ووٹ کی قدر کریں ووٹ کے ذریعے اچھے لوگ سامنے لائیں فیصلے کرنا ایوان کا حق ہے ، ہم عوام کیلئے بہتر فیصلے کررہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اللہ کے نزدیک تمام لوگ برابر ہیں کوئی بڑا چھوٹا نہیں ، اگر اللہ کے نزدیک ہم برابر ہیں تو ہم سب کیوں انسانوں کے درمیان تفریق کرتے ہیں ، عزت ، دولت ، کامیابی ناکامی سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا انسانیت سے سوال ہے کہ کیا ہم اللہ کے عذاب اور نافرمانی کے مرتکب تو نہیں ہورہے ہم نے دنیا میں ارکان اسمبلی یا کرتا دھرتائوں کو زمین کا خدا مان لیا ہے انہی باتوں سے اللہ ہم سے ناراض ہے اللہ تعالیٰ ہر شے پر قادر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ویڈیوز بنانے کا سلسلہ چل پڑا ہے اللہ تعالیٰ جب انسانوں کے عیب چھپاتا ہے تو ہم کیوں ایک دوسرے کے عیب عیاں کرتے ہیں ہم پر سیلاب ، زلزلے اور دیگر آفات در اصل اللہ کی ناراضی ہے ہم روز محشر اللہ تعالیٰ کو کیا حساب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پر ایٹم بم گراکر اسے ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اللہ نے اسے طاقتور ترین ملک بنادیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر انگلیاں اٹھتی ہیں میرا حلقہ 55 ہزار اسکوائر کلومیٹر پر محیط ہے کیا یہ ممکن ہے کہ میں 15 لاکھ روپے میں انتخابی مہم چلا سکوں ہم سے جھوٹ بلوایا جاتا ہے اور ہم بھی لکھ کردیتے ہیں کہ 15 لاکھ روپے کے اخراجات کئے ہیں ۔ حکومت مہینوں کے سوچ بچار کے بعد کوئی تعیناتی یا فیصلہ کرتی ہے ہم کابینہ میں فیصلے لیتے ہیں لیکن ان پر اسٹے دے دیا جاتا ہے عدلیہ ہمیں بلاکر تو پوچھے لیکن ہمیں سنے بغیر ہی معاملات پر اسٹے دے دیا جاتا ہے بار بار اسٹے سے ایوان کا تقدس بھی پامال ہوتا ہے ہم ایوان کا تقدس پامال ہونے نہیں دینگے اب کسی فیصلے پر اسٹے دیا گیا تو ایڈووکیٹ جنرل کی بجائے خود عدالت میں جائوں گا ۔ حکومت عوام کے لئے فیصلوں کا حق رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے گھر کا سادہ لوح بچہ تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے چاہا تو میں اتنے عہدوں پر رہا اور دوسری بار وزیراعلیٰ بنا ، لوگ میرے بارے میں طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں دیکھتے کہ جب تک اللہ تعالیٰ نے چاہا میں اس عہدے پر ہوں اور اللہ نے ہی مجھے ایک کمرے تک محدود بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں کہا گیا کہ میں دو منٹ بات نہیں کرسکتا لیکن میں نے گزشتہ دنوں 2 گھنٹے سے زائد کی پریس کانفرنس کی ۔انہوں نے کہا کہ نواب ثناء اللہ زہری ، جام کمال کو میں نے نہیں اللہ نے حکومت سے نکالا تھا ہمیں ان واقعات سے عبرت لینی چاہیے نہ کہ یہ کہنا چاہیے کہ ان لوگوں کو قدوس بزنجو نے نکالا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کئی نوابوں اور سرداروں نے حکومتیں بنائیں اور ہر آنے والے وزیراعلیٰ کے بارے میں کہا گیا کہ گزشتہ وزیراعلیٰ اس سے بہتر تھا ۔انہوں نے کہا کہ کہا گیا کہ قدوس بزنجو اب برباد ہوچکا ہے اس نے اپنے والد کا نام بھی خراب کیا ہے جام کمال خان آئندہ پانچ سال وزیراعلیٰ ہونگے انہیں کوئی ہٹا نہیں سکتا لیکن انہیں بھی اسی قدوس بزنجو نے نکالا جسے کہا گیا کہ وہ ختم ہوچکا ہے اور جام کمال کو جاناپڑا یہ سب کچھ اللہ نے کیا اس میں انسانوں کا کوئی عمل دخل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تین سال تک سلو پوائزننگ کی گئی جس امتحان سے میں گزرا اللہ کسی کو اس امتحان میں نہ ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی رکن اسمبلی کو نہیں کہا کہ میرا ساتھ دیں جب میں وزیراعلیٰ بنا تو کہا گیا کہ یہ میرے والد کی دعائوں کا نتیجہ ہے اللہ نے میرا باپ چھین لیا پھر کہا گیا کہ عوام کی دعا سے وزیراعلیٰ بنا ہوں تو مجھے کمرے میں بند کردیا گیا ۔ اس کے بعد کہا گیا کہ میری ماں کی دعائوں کا نتیجہ ہے آج میری والدہ عمرہ کرکے آئی ہیں لیکن میں چار ماہ سے ان سے نہیں ملا ۔*

Post a Comment

Previous Post Next Post