مہنگا دودھ فروخت کرنے پر 5 فارمرز جیل بھجوا دئیے گئے نرخنامے پر عملدرآمد کرائینگے، اے سی سٹی
*کوئٹہ(bnc.pk )ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں اور تجاوزات کیخلاف مہم جاری ہے ۔5ڈیری فارمرز سمیت 3دکانداروں کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کے عملے نے جان محمد روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے مہنگا دودھ فروخت کرنے پر 5ڈیری فارمرز کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا جبکہ تجاوزات قائم کرنے پر3دکانداروں کو حراست میں لیا گیا ۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ڈپٹی کمشنر میر شہک بلوچ کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں کر کے گرانفروشوں کو گرفتار کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمرز کیخلاف بھی کریک ڈائون جاری ہے کیونکہ دودھ فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں ڈیری فارمز سے مہنگا دودھ مل رہا ہے جس پر ہم عوام کو سستا نہیں دے سکتے ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیادوں پر ڈیری فارمرز پر چھاپے مارے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ از خود کسی بھی تنظیم کو نرخ مقرر کرنیکا اختیار حاصل نہیں ہے ضلعی انتظامیہ حکومتی اتھارٹی چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔*